مرزا رفیع سودا

مرزا رفیع نام پیدائش مابین1118ھ و1120ھ مطابق1706ء و1708ء بزرگوں کا پیشہ سپہ گری تھا ۔ باپ سبیل تجارت ہندوستان وارد ہوئے تھے سوداؔ پہلے سلیمان علی خاں و داؤدبعد کو شاہ حاتمؔ کے شاگرد ہوئے خان آرزو کی صحبت سے بھی فائدے حاصل کئے ۔ خصوصاً اردو میں شعر گوئی انہیں کے مشورے سے شروع کی ۔ محمد شاہ بادشاہ کے زمانے میں ان کی شاعری عروج پر تھی کئی روسا کے ہاں ان کی قدر ہوتی تھی ۔ خصوصاً بسنت خاں خواجہ سرا و مہربان خان زیادہ مہربان تھے ۔ جب احمد شاہ ابدالی اور مرہٹوں کے حملوں سے دہلی تباہ و برباد ہوگئی تو سوداؔ نے باہر کا رخ کیا ۔1134ھ مطابق1721ء میں عمادالملک کے پاس متھرا گئے ۔پھر اسی سال فرخ آباد میں نواب مہربان خاں امید کے یہاں تقریبا22برس رہے ۔ وہاں سے 1182ھ ،1770میں نواب کے انتقال پر شجاع الدولہ کے زمانے میں فیض آباد پہونچے پانچ سال بعد جب آصف الدولہ تخت نشیں ہوئے اور اپنا پایۂ تخت لکھنؤ میں منتقل کیا تو یہ بھی ان کے ہمراہ لکھنؤ آگئے یہاں ان کی زندگی با فراغت بسر ہوئی چھ ہزار (6000)روپے سالانہ مقرر تھے ۔ تقریبا 76برس کی عمر میں 4رجب (جمادی الثانی) 1195ھ1781میں انتقال ہوا ۔ مصحفی فخرالدین اور قمرالدین منتؔ نے تاریخیں کہیں۔ ان کی کلیات میں 43قصیدے رؤسا اور آئمہ اہل بیت وغیر ہ کی مدح میں ہیں ان کے علاوہ ہجویں ،مراثی ، مثنویاں، رباعیاں، مستزاد، قطعات، تاریخیں پہیلیاں ، و اسوخت وغیرہ سب چیزیں موجود ہیں ،نثر میں ایک تذکرہ اردو شعرا، کا لکھا تھا جواب نا پید ہے ۔ فارسی نثر میں ایک رسالہ عبرت الغافلین فاخر یکسن کی کارستانیوں کے جواب میں لکھا یہ چیزیں اس زمانے کے معیار تنقید شعر دکھانے کے لیے اہم چیز ہے ایک اور رسالہ سبیل ہدایت تقی کے مرثیے پر لکھا فارسی کا بھی ایک چھوٹا دیوان موجود ہے ۔